AR العربية EN English

جامعہ اسلامیہ آلائی

بنہ آلائی ضلع بٹگرام خیبرپختونخوا پاکستان

جامعہ اسلامیہ آلائی

بنہ آلائی ضلع بٹگرام خیبرپختونخوا پاکستان

شعبہ درسِ نظامی (عالم کورس)

📖 تعارف اور تاریخی پس منظر

دینی علوم، شرعی زبان اور اسلامی معارف کے مستند و جامع حصول کے لیے آٹھ سالہ عالمی نصابِ تعلیم کو "درسِ نظامی" کہا جاتا ہے۔ یہ نصابِ تعلیم برصغیر پاک و ہند سے نکل کر آج دنیا کے چپے چپے میں علمِ نبوت کی ترویج و اشاعت کا سب سے بڑا اور معتبر ذریعہ بنا ہوا ہے، جسے دورِ حاضر میں 'عالم کورس' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

اس تاریخی نصاب کی بنیاد اٹھارویں صدی عیسوی میں اپنے وقت کے عظیم عالمِ دین، ملا نظام الدین سہالوی لکھنوی رحمہ اللہ نے رکھی۔ انہوں نے اپنے دور کے علمی تقاضوں اور انتظامی ضروریات کو یکجا کر کے ایک ایسا متوازن تعلیمی خاکہ ترتیب دیا جس نے وقت کی ہر تبدیلی کا مقابلہ کرتے ہوئے خود کو منوایا۔ اصولِ فقہ، تفسیرِ جلالین و بیضاوی، اور احادیثِ مبارکہ کے مبارک مجموعوں (جیسے مشکوٰة المصابیح اور صحاح ستہ) کے ساتھ ساتھ انہوں نے ریاضی، فلکیات اور ہندسہ جیسے عقلی علوم کو بھی اس کا لازمی حصہ بنایا۔

جامعہ اسلامیہ بنہ آلائی میں اسی عظیم نصاب کو وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے طے کردہ اصولوں کے مطابق، دورِ حاضر کے جدید تقاضوں کے عین موافق ڈھال کر انتہائی مخلص اور ماہر اساتذہ کی زیرِ نگرانی پڑھایا جاتا ہے۔ یہ آٹھ سالہ کورس درج ذیل چار بنیادی مراحل میں تقسیم ہے:

۱۔ مرحلہ عامہ (سالِ اول و دوم)
۲۔ مرحلہ خاصہ (سالِ اول و دوم)
۳۔ مرحلہ عالیہ (سالِ اول و دوم)
۴۔ مرحلہ عالمیہ (سالِ اول و دوم)

🎯 تعلیم کا بنیادی مقصد اور غرض و غایت

کوئی بھی انسانی معاشرہ اس وقت تک امن، سکون اور اخلاقی بلندیوں کو نہیں چھو سکتا جب تک اس کی فکری اور روحانی رہنمائی کے لیے راسخ العلم علماء موجود نہ ہوں۔ اگر معاشرہ علمِ دین کے نور سے محروم ہو جائے تو وہ نت نئے فتنوں، بدعات اور گمراہیوں کا شکار ہو کر تباہی کے دہانے پر پہنچ جاتا ہے۔

جامعہ اسلامیہ آلائی میں درسِ نظامی کا بنیادی مقصد ایسے باصلاحیت، متقی اور مخلص علماءِ ربانی تیار کرنا ہے جو فکری فتنوں اور الحاد کے اس دور میں امتِ مسلمہ کی صحیح سمت میں شرعی رہنمائی فرما سکیں۔ ہمارا ہدف ایسے افراد پیدا کرنا ہے جو نہ صرف مساجد و مدارس کے مصلے اور تدریسی مسند کو رونق بخشیں، بلکہ معاشرتی, تجارتی، معاشی اور سماجی معاملات میں بھی اسلام کے عالمگیر اصولوں کے مطابق دنیا کے سامنے ایک عملی نمونہ پیش کر سکیں۔

جامعہ کی چند امتیازی خصوصیات

جامعہ اسلامیہ بنہ آلائی روایتی تعلیمی اداروں کے مقابلے میں اپنے طلبہ کو عصرِ حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے منفرد علمی و عملی خصوصیات سے آراستہ کرتا ہے:

  • عربی بول چال (التحدث بالعربية): جامعہ کی سب سے ممتاز خصوصیت یہ ہے کہ یہاں عربی زبان کو صرف کتابی حد تک نہیں رکھا جاتا، بلکہ روزمرہ گفتگو میں لازم قرار دیا گیا ہے۔ فجر کے بعد کا ایک مخصوص گھنٹہ صرف عربی تکلم کے لیے مختص ہے، جس میں طلبہ اساتذہ کی زیرِ نگرانی عربی زبان کے استعمال کی عملی مشق کرتے ہیں۔
  • جدید کمپیوٹر لیب اور کورسز: دورِ جدید کی دعوتی و انتظامی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے درجہ خامسہ (عالیہ سالِ اول) اور اس سے اوپر کے طلبہ کے لیے جامعہ کی کمپیوٹر لیب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر کورسز کا باقاعدہ اہتمام کیا گیا ہے، جس کے اختتام پر تصدیق شدہ اسناد بھی جاری کی جاتی ہیں۔
  • انگریزی زبان کی تدریس: بین الاقوامی سطح پر دعوتِ دین کے کام کو منظم کرنے کے لیے طلبہ کو روزانہ ایک گھنٹہ انگریزی زبان اور گرامر کی خصوصی مشق کروائی جاتی ہے۔
  • تخصص فی الفلکیات (علمِ فلکیات): جہاں عصرِ حاضر میں علمِ فلکیات کے ماہرین نایاب ہوتے جا رہے ہیں، وہی جامعہ میں وفاقی نصاب کے علاوہ اس فن کی دیگر قدیم و جدید کتب خصوصی طور پر پڑھائی جاتی ہیں۔ جامعہ کا یہ اعزاز ہے کہ یہ فن، وقت کے مایہ ناز اور ماہرِ فلکیات مولانا حبیب اللہ نعمانی صاحب دامت برکاتہم کی زیرِ نگرانی پڑھایا جاتا ہے۔
  • فنِ خطاطی و خوش نویسی: تحریر کی خوبصورتی اور اثر انگیزی کو برقرار رکھنے کے لیے طلبہ کی لکھائی اور خوش نویسی پر گہری انفرادی توجہ دی جاتی ہے۔
  • اخلاقی تربیت اور دعوت: طلبہ کی باطنی اصلاح کے لیے ہفتہ وار اصلاحی بیانات اور ہر جمعرات کو ایک روزہ تبلیغی و دعوتی جماعتوں کی تشکیل کی جاتی ہے تاکہ طلبہ میں دعوت و عزیمت کا جذبہ پیدا ہو۔
  • مفت تعلیمی و رہائشی سہولیات: ان تمام علوم و فنون کی تدریس، اعلیٰ رہائش، معیاری طعام اور دیگر ضروری سہولیات جامعہ کی طرف سے تمام طلبہ کو بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں اور کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جاتی۔

📝 نظامِ امتحانات اور تعلیمی اسناد

جامعہ کا تعلیمی معیار جانچنے اور طلبہ میں آگے بڑھنے کا شوق برقرار رکھنے کے لیے سالانہ نظامِ امتحانات کو انتہائی شفاف اور کڑا بنایا گیا ہے۔ درسِ نظامی کے مقررہ سالوں کے اختتام پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات منعقد ہوتے ہیں اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ آفیشل اسناد جاری کی جاتی ہیں۔

جامعہ اسلامیہ آلائی امتحانی ہال
جامعہ کا مرکزی امتحانی ہال - وفاق المدارس امتحانات

مرکزی امتحانات کے علاوہ جامعہ کے اندرونی تعلیمی نظام کو چست رکھنے کے لیے سالانہ تین داخلی امتحانات (سہ ماہی، ششماہی اور داخلی سالانہ) منعقد کیے جاتے ہیں۔ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے جامعہ کی طرف سے قیمتی انعامات اور وظائف دیے جاتے ہیں۔

📜 قواعد وضوابط اور شرائطِ داخلہ

شعبہ درسِ نظامی میں نئے داخلوں کا آغاز ہر سال ماہِ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ہوتا ہے اور باقاعدہ تعلیمی سال کا آغاز عید الفطر کے فوراً بعد شوال المکرم سے ہوتا ہے۔ داخلے کے خواہش مند طلبہ کے لیے درج ذیل شرائط کا لحاظ رکھنا لازمی ہے:

  • درجہ اولیٰ (ابتدائی درجہ) میں داخلے کے لیے طالبِ علم کا کم از کم میٹرک پاس ہونا یا مروجہ بنیادی عصری و دینی تعلیم سے لائق اور لکھنے پڑھنے پر مکمل قادر ہونا ضروری ہے۔
  • دیگر بالائی درجات میں داخلے کے لیے سابقہ درجے کی وفاقی یا تصدیق شدہ داخلی سند اور پچھلے مدرسے کا تصدیق شدہ کیریکٹر سرٹیفکیٹ (تصدیقِ اخلاق) پیش کرنا لازمی ہے۔
  • تمام طلبہ کے لیے لازمی ہے کہ ان کی وضع قطع، لباس اور اخلاق مکمل طور پر احکاماتِ شریعہ اور سنتِ نبوی ﷺ کے موافق ہوں اور وہ کسی بھی متنازع سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔
  • دورانِ تعلیم کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی، سیاسی جماعت سے وابستگی یا مدرسے کی حدود میں سیاسی بحث و مباحثہ کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے، خلاف ورزی پر داخلہ فوری منسوخ کر دیا جائے گا۔
  • تعلیمی اوقات میں بلا ضرورت ناغہ کرنے یا حاضری کی شرح مقررہ حد سے کم ہونے کی صورت میں طالبِ علم کو سالانہ امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
WhatsApp